زبُور
باب 4
1 جب میں پُکاروں تو مجھے جواب دے۔ اَے میری صداقت کے خُدا! تنگی میں تُو نے مجھے کُشادگی بخشی۔ مجھ پر رحم کر اور میری دُعا سُن لے۔
2 اَے بنی آدم! کب تک میری عزت کے بدلے رُسوائی ہو گی؟ تُم کب تک بطالت سے محبت رکھو گے اور جُھوٹ کے درپے رہوگے؟(سلاہ):
3 جان رکھو کہ خُداوند نے دیندار کو اپنے لئے الگ کر رکھا ہے۔ جب میں خُداوند کو پُکارونگا تو وہ سُن لیگا۔
4 تھرتھراؤ اور گُناہ نہ کرو۔ اپنے اپنے بستر پر دِل میں سوچو اور خاموش رہو۔ (سلاہ)
5 صداقت کی قربانیاں گذرانو اور خُداوند پر تُوکل کرو۔
6 بہت سے کہتے ہیں کون ہم کو کچھ بھلائی دِکھائیگا؟ اَے خُداوند تُو اپنے چہرہ کانُور ہم پر جلوہ گر فرما۔
7 تُو نے میرے دِل کو اُس سے زیادہ خُوشی بخشی ہے جو اُ ن کو غلّا اور مَے کی فراوانی سے ہوتی تھی۔
8 میں سلامتی سے لیٹ جاؤنگا اور سورہونگا کیونکہ اَے خُداوند! فقط تُو ہی مجھے مطمئن رکھتا ہے۔