نحمیاہ
باب 8
1 اور سب لوگ یک تن ہوکر پانی پھاٹک کے سامنے کے میدان میں اِکٹھے ہوئے اور اُنہوں نے عزرافقیہ سے عر ض کی کہ مُوسیٰ کی شریعت کی کتاب کو جسکا خداوند نے اِسرائیل کو حکم دِیا تھا لائے۔
2 اور ساتویں مہینے کی پہلی تاریخ کو عزرا کاہن توریت کو جماعت کے یعنی مردوں اور عورتوں اور اُن سب کے سامنے لے آیا جو سُنکر سمجھ سکتے تھے۔
3 اور وہ اُس میں سے پانی پھاٹک کے سامنے کے میدان میں صُبح سے دو پہر تک مردوں اور عورتوں اور سبھوں کے آگے جو سمجھ سکتے تھے پڑھتا رہا اور سب لوگ شریعت کی کتاب پر کان لگائے رہے۔
4 اور عزرافقیہ ایک چوبی منبر پر جو اُنہوں نے اِسی کام کے لئے بنایا تھا کھڑا ہوا اور ااُسکے پاس متیتاہ اور سمع اور عنایاہ اور اُوریاہ اور خلقیاہ اور معیاہ اُسکے دہنے کھڑے تھے اور اُسکے بائیں فدایاہ اور مساایل اور ملکیاہ اور حاشوم اور حسبدانہ اور زکریاہ اور مُسلام تھے ۔
5 اور عزرا نے سب لوگوں کے سامنے کتاب کھولی (کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُوپر تھا)اور جب اُس نے اُسے کھولا تو سب لوگ اُٹھ کھڑے ہوئے۔
6 اور عزرا نے خداوند خُدایِ عظیم کو مبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔آمین ۔آمین ۔اور اُنہوں نے اوندھے منہ زمین تک جھک کر خداوند کو سجدہ کیا۔
7 اور یشوع اور بانی اور سر بیاہ اور یامن اور عقوب اور سبتی اور ہودیاہ اور معسیاہ اور قلیطااور عرزیاہ اور یوزبد اور حنان اور فلایاہ اور لاوی لوگوں کو شریعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔
8 اور اُنہوں نے اُس کتاب یعنی خداکی شریعت میں سے صاف آواز سے پڑھا ۔ پھر اُسکے معنی بتائے اور اُن کو عبارت سمجھا دی ۔
9 اور نحمیاہ نے جو حاکم تھا اور عزرا کاہن اور فقیہ نے اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سکھا رہے تھے سب لوگوں سے کہا کہ آج کا دِن خداوندتمہارے خدا کے لئے مقدس ہے۔نہ غم کرو نہ رو کیونکہ سب لوگ شریعت کی باتیں سُنکر رونے لگے تھے۔
10 پھر اُس نے اُن سے کہا کہ اب جاؤ اور جو موٹا ہے کھاؤ اور جو میٹھا ہے پیو اور جنکے لئے کچھ تیار نہیں ہوااُنکے پاس بھی بھیجو کیونکہ آج کا دِن ہمارے خداوند کے لئے مقدس ہے اور تم اُداس مت ہو کیونکہ خداوند کی شادمانی تمہاری پناہ گاہ ہے۔
11 اور لاویوں نے سب لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا خاموش ہو جاؤ کیونکہ آج کا دِن مقدس ہے اور غم نہ کرو۔
12 سو سب لوگ کھانے پینے اور حصہ بھیجنے اور بڑی خوشی کرنے کو چلے گئے کیونکہ وہ اُن باتوں کو جو اُنکے آگے بڑھی گئیں سمجھے تھے۔
13 اور دُوسرے دِن سب لوگو ں کے آبائی خاندانوں کے سردار اور کاہن اور لاوی عزرا فقیہ کے پاس اِکٹھے ہوئے کہ توریت کی باتوں پر دھیان لگائیں ۔
14 اور اُن کو شریعت میں یہ لکھا ملا کہ خداوند نے مُوسیٰ کی معرفت فرمایا ہے کہ بنی اِسرائیل ساتویں مہینے کی عید میں جھونپڑیوں میں رہا کریں۔
15 اور اپنے سب شہروں میں اور یروشیلم میں یہ اِعلان اور منادی کرائیں کہ پہاڑ پر جاکر زیتون کی ڈالیاں اور مہندی کی ڈالیاں اور کھجور کی شاخیں اور گھنے درختوں کی ڈالیاں جھوپنڑیوں کے بنانے کو لاؤ جیسا لکھا ہے ۔
16 سو لوگ جا جا کر اُنکو لائے اور ہر ایک نے اپنے گھر کے صحنوں میں اور پانی پھاٹک کے میدان میں اور افرائیمی پھاٹک کے میدان میں اپنے لئے جھونپڑیاں بنائیں۔
17 اور اُن لوگوں کی ساری جماعت نے جو اسیری سے پھر آئے تھے جھونپڑیاں بنائیں اور اُن ہی جھونپڑیوں میں رہے کیونکہ یشوع بن نُون کے دِنوں سے اُس دِن تک بنی اِسرائیل نے اَیسا نہیں کیا تھا چُنانچہ بہت بڑی خوشی ہوئی۔
18 اور پہلے دِن سے آخری دِن تک روز بروز اُس نے خدا کی شریعت کی کتاب پڑھی اور اُنہوں نے سات دِن عید منائی اور آٹھویں دِن دستور کے موافق مقدس مجمع فراہم ہوا ۔