۱ تیمِتھُیس

1 2 3 4 5 6

باب 4

1 لیکِن رُوح صاف فرماتا ہے کہ آیندہ زمانوں میں بعض لوگ گُمراہ کرنے والی رُوحوں اور شیاطِین کی تعلِیموں کی طرف مُتوّجہ ہوکر اِیمان سے برگشتہ ہو جائیں گے۔
2 یہ اُن جھُوٹے آدمِیوں کی رِیاکاری کے باعِث ہوگا جِن کا دِل گویا گرم لوہے سے داغا گیا ہے۔
3 یہ لوگ بیاہ کرنے سے منع کریں گے اور اُن کھانوں سے پرہیز کرنے کا حُکم دیں گے جِنہِیں خُدا نے اِس لِئے پَیدا کِیا ہے کہ اِیماندار اور حق کے پہچاننے والے اُنہِیں شُکرگُذاری کے ساتھ کھائیں۔
4 کِیُونکہ خُدا کی پَیدا کی ہُوئی ہر چِیز اچھّی ہے اور کوئی چِیز اِنکار کے لائِق نہِیں بشرطیکہ شُکرگُذاری کے ساتھ کھائی جائے۔
5 اِس لِئے کہ خُدا کے کلام اور دُعا سے پاک ہو جاتی ہے۔
6 اگر تُو بھائِیوں کو یہ باتیں یاد دِلائے گا تو مسِیح یِسُوع کا اچھّا خادِم ٹھہرے گا اور اِیمان اور اُس اچھّی تعلِیم کی باتوں سے جِس کی تُو پیروی کرتا آیا ہے پرورِش پاتا رہے گا۔
7 لیکِن بیہُودہ اور بُوڑھیوں کی سی کہانیوں سے کِنارہ کر اور دِینداری کے لِئے رِیاضت کر۔
8 کِیُونکہ جِسمانی رِیاضت کا فائِدہ کم ہے لیکِن دِینداری سب باتوں کے لِئے فائِدہ مند ہے اِس لِئے کہ اَب کی اور آیندہ کی زِندگی کا وعدہ بھی اِسی کے لِئے ہے۔
9 یہ بات سَچ ہے اور ہر طرح سے قُبُول کرنے کے لائِق۔
10 کِیُونکہ ہم محنت اور جانفشانی اِسی لِئے کرتے ہیں کہ ہماری اُمِید اُس زِندہ خُدا پر لگی ہُوئی ہے جو سب آدمِیوں کا خاص کر اِیمانداروں کا مُنّجی ہے۔
11 اِن باتوں کا حُکم اور تعلِیم دے۔
12 کوئی تیری جوانی کی حقارت نہ کرنے پائے بلکہ تُو اِیمانداروں کے لِئے کلام کرنے اور چال چلن اور محبّت اور اِیمان اور پاکِیزگی میں نمُونہ بن۔
13 جب تک مَیں نہ آؤں پڑھنے اور نصِیحت کرنے اور تعلِیم دینے کی طرف مُتوّجہ رہ۔
14 اُس نعمت سے غافِل نہ رہ جو تُجھے حاصِل ہے اور نُبُّوت کے ذرِیعہ سے بُزُرگوں کے ہاتھ رکھتے وقت تُجھے مِلی تھی۔
15 اِن باتوں کی فِکر رکھ۔ اِن ہی میں مشغُول رہ تاکہ تیری ترقّی سب پر ظاہِر ہو۔
16 اپنی اور اپنی تعلِیم کی خَبرداری کر۔ اِن باتوں پر قائِم رہ کِیُونکہ اَیسا کرنے سے تُو اپنی اور اپنے سُننے والوں کی بھی نِجات کا باعِث ہوگا۔