۱ کُرنتھِیوں
باب 1
1 پَولُس کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے یِسُوع مسِیح کا رَسُول ہونے کے لِئے بُلایا گیا اور بھائِی سوتھِنیس کی طرف سے۔
2 خُدا کی اُس کلِیسیا کے نام جو کرُنتھُس میں ہے یعنی اُن کے نام جو مسِیح یِسُوع میں پاک کِئے گئے اور مُقدّس لوگ ہونے کے لِئے بُلائے گئے ہیں اور اُن سب کے نام بھی جو ہر جگہ ہمارے اور اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کا نام لیتے ہیں۔
3 ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمینان حاصِل ہوتا رہے۔
4 مَیں تُمہارے بارے میں خُدا کے اُس فضل کے باعِث جو مسِیح یِسُوع میں تُم پر ہُؤا ہمیشہ اپنے خُدا کا شُکر کرتا ہُوں۔
5 کہ تُم اُس میں ہوکر سب باتوں میں کلام اور عِلم کی ہر طرح کی دَولت سے دَولتمند ہو گئے ہو۔
6 چُنانچہ مسِیح کی گواہی تُم میں قائِم ہُوئی۔
7 یہاں تک کہ تُم کِسی نعمت میں کم نہِیں اور ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے ظُہُور کے مُنتظِر ہو۔
8 جو تُم کو آخر تک قائِم بھی رکھّے گا تاکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے دِن بے اِلزام ٹھہرو۔
9 خُدا سَچّا ہے جِس نے تُمہیں اپنے بَیٹے ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی شِراکت کے لِئے بُلایا ہے۔
10 اب اَے بھائِیو! یِسُوع مسِیح جو ہمارا خُداوند ہے اُس کے نام کے وسِیلہ سے مَیں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ سب ایک ہی بات کہو اور تُم میں تفرقے نہ ہوں بلکہ باہم یکد ِل اور یک رای ہوکر کامِل بنے رہو۔
11 کِیُونکہ اَے بھائِیو! تُماری نِسبت مُجھے خلوئے کے گھر والوں سے معلُوم ہُؤا کہ تُم میں جھگڑے ہو رہے ہیں۔
12 میرا یہ مطلب ہے کہ تُم میں سے کوئی تو اپنے آپ کو پَولُس کا کہتا ہے کوئی اُپلوس کا کوئی کیفا کا کوئی مسِیح کا۔
13 کیا مسِیح بٹ گیا؟ کیا پَولُس تُمہاری خاطِر مصلُوب ہُؤا؟ یا تُم نے پَولُس کے نام پر بپتِسمہ لِیا؟
14 خُدا کا شُکر کرتا ہُوں کہ کرِسپُس اور گیُس کے سِوا مَیں نے تُم میں سے کِسی کو بپتِسمہ نہِیں دِیا۔
15 تاکہ کوئی یہ نہ کہے کہ تُم نے میرے نام پر بپتِسمہ لِیا۔
16 ہاں سِتفناس کے خاندان کو بھی مَیں نے بپتِسمہ دِیا۔ باقی نہِیں جانتا کہ مَیں نے کِسی اَور کو بپتِسمہ دِیا ہو۔
17 کِیُونکہ مسِیح نے مُجھے بپتِسمہ دینے کو نہِیں بھیجا بلکہ خُوشخَبری سُنانے کو اور وہ بھی کلام کی حِکمت سے نہِیں تاکہ مسِیح کی صلِیب بے تاثِیر نہ ہو۔
18 کِیُونکہ صلِیب کا پیغام ہلاک ہونے والوں کے نزدِیک بے وُقُوفی ہے مگر ہم نِجات پانے والوں کے نزدِیک خُدا کی قُدرت ہے۔
19 کِیُونکہ لِکھا ہے کہ مَیں حکِیموں کی حِکمت کو نِیست اور عقلمندوں کی عقل کو ردّ کرُوں گا۔
20 کہاں کا حِکیم؟ کہاں کا فقِیہ؟ کہاں کا اِس جہان کا بحث کرنے والا؟ کیا خُدا نے دُنیا کی حِکمت کو بے وُقُوفی نہِیں ٹھہرایا۔
21 اِس لِئے کہ جب خُدا کی حِکمت کے مُطابِق دُنیا نے اپنی حِکمت سے خُدا کو نہ جانا تو خُدا کو پسند آیا کہ اِس منادی کی بے وُقُوفی کے وسِیلہ سے اِیمان لانے والوں کو نِجات دے۔
22 چُنانچہ یہُودی نِشان چاہتے ہیں اور یُونانی حِکمت تلاش کرتے ہیں۔
23 مگر ہم اُس مسِیح مصلُوب کی منادی کرتے ہیں جو یہُودِیوں کے نزدِیک ٹھوکر اور غَیر قَوموں کے نزدِیک بے وُقُوفی ہے۔
24 لیکِن جو بُلائے ہُوئے ہیں۔ یہُودی ہوں یا یُونانی۔ اُن کے نزدِیک مسِیح خُدا کی قُدرت اور خُدا کی حِکمت ہے۔
25 کِیُونکہ خُدا کی بے وُقُوفی آدمِیوں کی حِکمت سے زِیادہ حِکمت والی ہے اور خُدا کی کمزوری آدمِیوں کے زور سے زِیادہ زورآور ہے۔
26 اَے بھائِیو! اپنے بُلائے جانے پر تو نِگاہ کرو کہ جِسم کے لِحاظ سے بہُت سے حِکیم۔ بہُت سے اِختیّار والے۔ بہُت سے اشراف نہِیں بُلائے گئے۔
27 بلکہ خُدا نے دُنیا کے بے وُقُوفوں کو چُن لِیا کہ حِکیموں کو شرمِندہ کرے اور خُدا نے دُنیا کے کمزوروں کو چُن لِیا کہ زورآوروں کو شرمِندہ کرے۔
28 اور خُدا نے دُنیا کے کمِینوں اور حقِیروں کو بلکہ بے وُجُودوں کو چُن لِیا کہ مَوجُودوں کو نِیست کرے۔
29 تاکہ کوئی بشر خُدا کے سامنے فخر نہ کرے۔
30 لیکِن تُم اُس کی طرف سے مسِیح یِسُوع میں ہو جو ہمارے لِئے خُدا کی طرف سے حِکمت ٹھہرا یعنی راستبازی اور پاکیزگی اور مخلصی۔
31 تاکہ جَیسا لِکھا ہے وَیسا ہی ہو کہ جو فخر کرے وہ خُدا پر فخر کرے۔