یسعیاہ
باب 22
1 رویا کی وادی کی بابت بار نبوت ۔ اب تم کو کیا ہوا کہ تم سب کے سب کوٹھوں پر چڑھ گئے؟ ۔
2 اےپر شور اور غوغائی شہر! اے شادمان بستی! تیرے مقتول نہ تلوارسےقتل ہوئے نہ لڑائی میں مارے گئے۔
3 تیرے سب سردار اکٹھے بھاگ نکلے۔ انکو تیر اندازوں نے اسیر کر لیا جتنے تجھ میں پائےگئے سب کے سب بلکہ وہ بھی جو دوربھاگ گئے تھے اسیر کئے گئے ہیں۔
4 اسی لیے میں نے کہا میری طرف مت دیکھو کیونکہ میں زار زار رونگا میری تسلی کی فکر مت کرو کیونکہ میری دختر قوم برباد ہو گئی ۔
5 کیونکہ خداوند رب الافواج کی طرف سے رویا کی وادی میں یہ دکھ اور پامالی و بیقراری اور دیواروں کو گرانے اور پہاڑوں تک فریاد پہچانے کا دن ہے۔
6 کیونکہ عیلام نے جنگی رتھوں اورسواروں کے ساتھ ترکش اٹھا لیا اورقیر نے سپر کا غلاف اتار دیا۔
7 اور یوں ہوا کہ بہترین وادیاں جنگی رتھوں سے معمور ہو گئیں اورسواروں نے پھاٹک پر صف آرائی کی۔
8 اور یہوداہ کا نقاب اتار گیا اور تو اب دشت محل کے سلاح خانہ پر نگاہ کرتاہے۔
9 اورتم نے داؤد کے شہر کےرخنے دیکھے کہ بے شمار ہیں اورتم نے نیچے کے حوض میں پانی جمع کیا۔
10 اورتم نے یروشلیم کے گھروں کو گنا اورانکو گرایا تاکہ شہر پناہ کو مضبوط کرو۔
11 اورتم نے پرانے حوض کے پانی کے لیے دونوں دیواروں کے درمیان ایک اور حوض بنایا لیکن تم نے اسکے پانی پر نگاہ نہ کی اور اسکی طرف جس نے قدیم سے اسکی تدبیر کی متوجہ نہ ہوئے۔
12 اور اسوقت خداوند رب الافواج نے رونے اور ماتم کرنے اور سر منڈوانے اور ٹاٹ سے کمر باندھنے کا حکم دیا تھا۔
13 لیکن دیکھو خوشی اور شادمانی ۔ گائے بیل کو ذبح کرنا اور بھیڑ بکری کو حلال کرنا اور گوشت خواری اور مے نوشی کہ آؤ کھائیں اور پئیں کیونکہ کل تو ہم مرینگے۔
14 اور رب الافواج نے کہا کہ تمہاری اس بدکرداری کا کفارہ تمہارے مرنے تک بھی نہ ہو سکے گا۔ یہ خداوند رب الافواج کا فرمان ہے۔
15 خداوند رب الافواج یوں فرماتا ہے کہ اُس خزانچی شبناہ کے جو محل میں معّین ہے جا اور کہہ ۔
16 تو یہاں کیا کرتا ہے؟ اورتیرا یہاں کون ہے کہ تو یہاں اپنے لیے قبر تراشتا ہے؟ بلندی پر اپنی گور تراشتا ہے اورچٹان میں اپنے لیے گھر کھدواتا ہے۔
17 دیکھ اے زبردست! خداوند تجھ کو زور سے دور پھینک دے گا ۔ وہ یقیناً تجھے پکڑ رکھیگا۔
18 وہ تجھ کو بے شک گیند کی مانند گھما گھما کر وسیع ملک میں اچھالیگا۔ وہاں تو مرے گا اورتیری حشمت کے رتھ وہیں رہیں گے اے اپنے آقا کے گھر کی رسوائی۔
19 اور میں تجھے تیرے منصب سے برطرف کرونگا۔ ہاں وہ تجھے تیری جگہ سے کھینچ کر اتاریگا۔
20 اور اس روز یوں ہو گا کہ میں اپنے بندہ الیاقیم بن خلقیاہ کو بُلاونگا ۔
21 اور میں تیرا خلعت اُسے پہناونگا اورتیرا پٹکا اس پر کسونگا اور تیری حکومت اُس کے ہاتھ میں سپرد کردونگا اور وہ اہل یروشلیم اور بنی یہوادہ کا باپ ہو گا۔ (22 اور میں داؤد کے گھر کی کنجی اسکے کندھے پر رکھونگا پس وہ کھولیگا اور کوئی بند نہ کریگا اور کوئی نہ کھولیگا۔
22
23 اورمیں اسکو کھونٹی کی مانندمضبوط جگہ پر محکم کرونگا اور وہ اپنےباپ کے گھرانے کے لیے جلالی تخت ہو گا۔
24 اور اسکے باپ کے خاندان کی ساری حشمت یعنی آل و اولاد اور سب چھوٹے بڑے برتن پیالوں سےلیکر قرابوں تک سب کو اسی سے منسوب کرینگے۔
25 رب الافواج فرماتا ہے اس وقت وہ کھونٹی جو مضبوط جگہ میں لگائی گئی تھی ہلائی جائیگی اور وہ کاٹی جائیگی اور اس پر کا بوجھ گر پڑیگا کیونکہ خداوند نے یوں فرمایا ہے۔